منگل، 9 اگست، 2022

میدانِ حشر سب کے نامہ اعمال کا حساب, A Dream A Story

  #ماضیکےجھروکوں_سے۔

میدانِ حشر سب کے نامہ اعمال کا حساب

میرے آباء واجداد

میرے دوستو!


میں نے وعدہ کیا تھا کہ میں اپنے آباء واجداد سے سنے ہوئے قصے کہانیاں آپ سب سے شیئر کرنا شروع کروں گا، سو آج میں آپکے ساتھ پہلی کہانی شیئر کر رہا ہوں۔ یہ کہانی یا روایت مُجھے میرے والدِ مرحوم نے سنائی تھی۔


میرے والدِ گرامی کورے ان پڑھ تھے، کہانی میں ممکن ہے آپکو چند ایسی باتیں بھی ملیں کہ آپ کہیں کہ یہ تو ہو ہی نہیں سکتا، لیکن کہانی تو کہانی ہی ہوا کرتی ہے، یہی سمجھ کر اِس میں سے مثبت سوچ کے ساتھ خیر کا پہلو تلاش کرنا ہمارا کم ہے، قِصّہ گو کا نہیں۔


ایک دن والد صاحب نے مجھے کہا:- بیٹا!

روزِ قیامت برپا تھا، سب کے نامہ اعمال کا حساب ہو رہا تھا، اِس طرح کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی۔ حساب کتاب کے بعد کسی بندے کے گناہ اور ثواب برابر ہو گئے، بارگاہِ الٰہی سے ازن ہوا کہ اے میرے بندے، تمہارے گناہ و ثواب تو برابر ہیں، جاؤ اور کسی سے صرف ایک نیکی لے آؤ تو جنّت کا دروازہ تمہارے لئے کھلا ہے، جنّت میں داخل کر دیئے جاؤ گے۔


حکم سن کر وہ بندہ میدانِ حشر میں نکلا اور گھر کے افراد، دوست احباب یعنی سب سے کہا کہ مُجھے صرف ایک نیکی درکار ہے، کوئی دے سکتا ہے؟


سب کو اپنی اپنی پڑی ہوئی تھی، بھلا اُسکی کون سنتا، سب کا جواب نفی میں تھا۔ وہ شخص ایک نیکی کے حصول کیلئے ہر ایک شخص کی منّتیں کر رہا تھا، رو رو کر سب کے سامنے ہاتھ باندھ رہا تھا، مگر نیکی ندارد۔


اسی اثناء میں میدانِ حشر میں ایک سائڈ پر چُپ چاپ ایک شخص کھڑا ھوا تھا، اپنے نامہ اعمال پر شرمندہ بھی تھا، جب اس گنہگار شخص کی اُس حاجت مند بندے پر نظر پڑی تو اسکے پاس گیا اور پوچھا "میرے بھائی کیوں اتنے پریشان پھر رھے ھو، کیا مسئلہ درپیش ہے؟ ضرورت مند نے کہا میرے بھائی میرے گناہ اور ثواب کا حساب برابر ہے، مُجھے جنّت کے حصول کیلئے صرف ایک نیکی درکار ہے، اسی وجہ پریشان حال ہوں، سر گرداں ہوں، سب کی منّتیں کر رہا ہوں کہ کوئی مُجھے ایک نیکی دے دے تو میں جنّت میں داخل ہو سکتا ہوں۔ اس گنہگار شخص نے سوالی کا سوال سنا اور بولا " میرے بھائی میں تو گنہگار بندہ ہوں، میرا حساب ہونے کے بعد میرے سارے نامہ اعمال میں صرف ایک ہی نیکی ہے جو میرے دائیں ہاتھ میں پکڑا دی گئی ہے، بھائی میرے میں تو ویسے ہی دوزخی ہُوں، ایک نیکی مُجھے جہنّم کی آگ سے تو نہیں بچا سکتی، آپ مُجھ سے میری واحد نیکی لے لیں اور اپنا معاملہ سیدھا کریں۔ سوالی نے ہاتھ بڑھا کر اُس گنہگار شخص سے نیکی وصول کی اور شاداں و فرحاں جنّت کے دروازے کی طرف روانہ ہو گیا کہ داروغہ جنّت کو اپنا حساب دیکھا کر جنّت میں داخل ہو جاؤں۔


دوسری طرف اللّہ کی ذاتِ بابرکات سب کچھ دیکھ رہی تھی، جیسے ہی وہ حاجت مند ایک نیکی لے کر پہنچا تو مالک کائنات نے فوراً فرشتوں کو حکم دیا کہ فلاں بن فلاں جو کہ میدانِ حشر میں شرمندہ کھڑا ہوا ہے اُسے لے کر آؤ، حکم کی تعمیل ہوئی اور اس گنہگار کو بارگاہِ الٰہی میں لا کر پیش کر دیا۔ اللّہ ربّ العزت نے اُس گنہگار سے دریافت کیا کہ "اے میرے بندے کیا اِس حاجت مند کو تُونے اپنی ایک نیکی دی ہے؟ جواب ملا ہاں میرے اللّہ! میرے خالق و مالک میرے نامہ اعمال میں ایک ہی نیکی تھی باقی سارا گناہوں کا ڈھیر، میں نے اسے پریشان حال دیکھ اسے اپنا واحد اثاثہ ایک نیکی اِس کے حوالے کردی کہ میں تو جنّت میں جانے سے رہا، کم از کم یہ بندہ تو جنّت کا حقدار ہو، یہی سوچ کر میں نے اسے اپنی نیکی دے دی ہے۔


یہ بات سُن کر بارگاہِ الٰہی کی رحمت جوش میں آئی اور فرمایا اے میرے بندے تونے میرے ایک بندے پر رحم کھایا اُسے نیکی دی، سو میں اس ایک نیکی کے عوض تمہارے سارے گناہ معاف کرتا ہوں، اِس بندے سے پہلے تم جنّت میں داخل ہوگے بعد میں وہ، سو اللّہ کی رحمت کی وجہ سے دونوں ہی جنّت میں داخل ہوگئے۔


یہ کہانی سنا کر والدِ گرامی خاموش ہوگئے، اور ایک عجیب سی مسرّت کے ساتھ آسمان کی طرف دیکھنے لگ گئے۔ میں کہانی کے شروعات میں ہی عرض کر چُکا کہ کہانی تو کہانی ہی ہوا کرتی ہے، اُس سے سبق حاصل کرنا ہی اصل کمال ہوا کرتا ہے۔


طالبِ دعاء:-

غلام محمد چوہان۔

09.08.2022

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Unbleaveable and Lovely Scenes of Animal with Comments

  تبصروں کے ساتھ جانوروں کے ناقابل یقین، ناقابل فراموش اور دلکش مناظر 💐💥🌹🥀🌷🌈💗🌄💗🌈🌷🥀🌹💥💐***✨✨✨✨✨✨✨✨✨***💐💥🌹🥀🌷🌈💗🌄💗🌈🌷🥀...