جمعہ، 16 دسمبر، 2022

Chacha Sain Ki Baten

 
ماضی کے دریچوں سے۔

قسط نمبر 04.


دونوں افراد کے چلے جانے کے بعد میں پریشان سا ہوکر بیٹھا ھوا تھا، سگریٹ سلگایا اور ہلکے ہلکے کش لینے لگا، اِس سوچ میں غلطاں تھا کہ بلوچ چائے فروش نے "ڈسوں تھا" یعنی دیکھتے ہیں کہہ دیا تھا، کرتا کیا تھا، اب مزید استفسار بھی غیر ضروری تھا۔ کچھ معمول کے کام نپٹانے کے بعد چاچا سائیں بھی پھر سے میرے پاس آکر بیٹھ گئے، بیڑی نکالی، صاف کی اور سلگا کر مُجھ سے پوچھنے لگے، (آپکو بتاتا چلوں کہ بیڑی پینا بھی ایک فن ھے، بہت نزاکت سے اسے پہلے الٹی طرف سے پھونک مار کر صاف کیا جاتا ھے تاکہ کچا تمباکو منہ میں جا کر منہ میں جا کر کڑواہٹ پیدا مت کرے) پھلجی کب چھوڑی تھی؟ میں نے جواب دیا کافی پہلے میں کوئی 03 سال کا ھونگا، بلوچ چائے فروش کے چہرے پر گہری سنجیدگی اور حیرت کے آثار واضح تھے، کیا پھر تمہارا اس طرف آنا ھوا؟ گویا وہ یہ سوال دہرا کر میری باتوں کا یقین چاہتا تھا۔ تین سال کے بچے کو تو کچھ بھی یاد نہیں ہوتا۔ 

میں کہا مُجھے کافی کچھ یاد ہے، تحیر سے مُجھے دیکھا پھر ہلکی سی گردن ہلا دی، گویا میری بات پر یقین کر چکے تھے۔


پھر دور خلاؤں میں گھورتے ھوئے میں گویا ھوئے، ہاں کسی دور میں یہاں پنجابی آبادگار بہت ہوا کرتے تھے، میں نے دریافت کیا پھر چلے کیوں گئے؟ غور سے مُجھے دیکھا اور کہنے لگے " تم لوگ بھلا کیوں گئے تھے؟" میرا جواب نفی میں تھا، میں نہیں جانتا کیوں چلے گئے تھے۔ خود کلامی کے انداز میں کہنے لگے کچھ پنجابی سندھی جھگڑے میں یہاں سے چلے گئے، کچھ ڈاکو راج کی وجہ سے گئے، کچھ لوگوں کو ڈاکو اٹھا کر بھی لے گئے تھے، کچھ اپنا کاروبار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر چلے گئے، باقی اپنی زمینیں وڈیروں کو " بھگڑن مٹھ" بیچ کر یہاں سے لڈ گئے، اچھے لوگ تھے، محنتی تھے، امن پسند تھے۔ اب میں حیران ہو کر بوڑھے چائے فروش کو دیکھ رہا تھا جو انتہائی سچائی کے ساتھ سب کچھ بیان کرتا چلا جا رہا تھا۔


میں نے پوچھا چاچا سائیں کیا اب بھی کچھ پنجابی آبادگار یہاں ہیں؟ جواب ملا " ہیں مگر چند ایک گھر جو جمالیوں کی وجہ سے ابھی تک یہاں آباد ہیں، گئے نہیں، جمالی ہر اچھے برے وقت پر اُنکا ساتھ دیتے ہیں، اُنکے سر پر ہاتھ رکھتے ہیں، میں ہمہ تن گوش ہوکر بلوچ چائے فروش کی باتیں سن ہی رہا تھا کہ ہوٹل پر 02 نو عمر لڑکے آگئے، یہی کوئی 10 سے 14 سال تک کی عمر کے ہونگے، کندھوں پر کلہاڑیاں رکھی ہوئی تھیں، مقامی طور پر وہاں کے لوگ رکھا ہی کرتے تھے۔


دونوں نے آتے ہی مُجھ پر ایک طائرانہ سی نظر ڈالی اور پھر بوڑھے بلوچ سے روایتی علیک سلیک کیا، بابا جی نے اُنہیں میری طرف اشارہ کرکے بلوچی میں کچھ کہا جس کا مفہوم تو میں سمجھ ہی گیا تھا، دونوں عجیب سی نظروں سے مجھے دیکھ رہے تھے گویا اُنہیں یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ اِس ویران سے بس اسٹاپ پر کوئی اجنبی مسافر پھلجی ولیج جانے کو  اُتر بھی سکتا ھے۔ چائے فروش نے اُنہیں مزید کچھ سمجھایا اور پھر مجھے کہنے لگا، یہ لڑکے میں نے گوٹھ سے منگوائے ہیں کہ تم کو تمہاری جنم بھومی تک لے جائیں گے، میں نے مشکور نظروں سے بابا جی دیکھا تو اُنکے چہرے پر اب شفقت کے ساتھ ساتھ میری کیئر بھی نمایاں تھی، کہنے لگے بس وہاں رکنا نہیں ہے، عصر سے پہلے واپس آ جانا، رات دادو گزارنا، ہاں! یہ لڑکے تم کو یہاں واپس بھی لے آئیں گے۔ 

میں نے تشکر آمیز نظروں سے بوڑھے بلوچ کو دیکھا جو اب محبّت بھرے انداز میں مُجھے دیکھ رہا تھا, میں نے اپنا سفری بیگ کندھے پر لٹکایا، کپڑوں کی شکنیں درست کیں، بلوچ بابا جی سے الوداعی مصافحہ کیا، انکے کھردرے ہاتھ تھام کر مجھے اندازہ ھوا کہ زندگی گزارنا کتنا مشکل عمل ھے۔ جاتے وقت کُتّے کو ہلکا سا پچکارا، اُس نے ہلکی سی دم بلا کر مُجھے الوداع کہا، اور پھر پھلجی ولیج جانے کیلئے ان نوعمر لڑکوں کے ساتھ ھو لیا۔


سڑک پار کرکے ایک بغلی سڑک پر چڑھ گئے جو کسی دور میں وہ سڑک ھوا کرتی تھی جس پر "بگھیو بس سروس" سوار ھو کر میں اپنے والدین کے ساتھ کبھی پھلجی سے دادو اور پھر دادو سے پھلجی ولیج آیا کرتا تھا، سڑک پر چڑھتے ہی ساتھ ہی وہ چھنڈن بھی بہہ رہی تھی جس میں میں اپنے بچپن میں ڈوبنے سے بال بال بچا تھا۔ دونوں لڑکے کندھوں پر روایتی کلہاڑیاں رکھے میرے آگے آگے تھے اور میں انکے پیچھے پیچھے چلتا چلا جا رہا تھا، چھنڈن میں پانی تو تھا مگر بہت ہی کم، دونوں لڑکے ایک دوسرے سے گپ شپ کرتے اور کبھی اُلٹی کلہاڑی زمین پر مارتے اور کبھی قریبی جھاڑی پر کلہاڑی سیدھی مار کر اُسکی دھار چیک کرتے چلے جا رہے تھے۔ دور ایک ٹیلے پر وڈی پھلجی کے آثار بھی نمایاں تھے، جو کبھی زندگی سے بھرپور گوٹھ ھوا کرتی تھی اور میری جنم بھومی بھی۔


جاری ھے۔


جی۔ایم چوہان۔

15.12.2022

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Unbleaveable and Lovely Scenes of Animal with Comments

  تبصروں کے ساتھ جانوروں کے ناقابل یقین، ناقابل فراموش اور دلکش مناظر 💐💥🌹🥀🌷🌈💗🌄💗🌈🌷🥀🌹💥💐***✨✨✨✨✨✨✨✨✨***💐💥🌹🥀🌷🌈💗🌄💗🌈🌷🥀...